Live Updates

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق کمیٹی تشکیل، کمیٹی ہفتہ وار بنیاد پر اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی

اتوار 15 جون 2025 12:05

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق کمیٹی تشکیل، کمیٹی ہفتہ وار بنیاد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)اسرائیل اور ایران کے ایک دوسرے پر فضائی حملوں سے بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کی مانیٹرنگ کے لیے 16 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔وفاقی وزارت توانائی کی جانب سے وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں اچانک بڑھ گئی ہیں اور پاکستانی معیشت پر تیل کی قیمتوں میں ردوبدل سے ہونے والے اثرات اور حکمت عملی وضع کرنے کی خاطر نگرانی کے لیے وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کرے گی اور خطے میں حالیہ تنازع کی روشمی میں سپلائی چین کی پیش گوئی کرے گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اتار چڑھاؤ سے پڑنے والے اثرات کا تعین کرے گی اور ضرورت پڑنے پر سپلائی میں کسی قسم کا خلل نہ پڑنے کے لیے اقدامات کرگے۔وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی مذکورہ کمیٹی مالی اثرات کا تفصیلی تجزیہ کرے گی اور اگر کمیٹی کو مزید کسی رکن کی ضرورت پڑے تو مقرر کرسکتی ہے۔کمیٹی اپنی سفارشار ہفتہ وار بنیاد پر وزیر اعظم کو پیش کرے گی اور پیٹرولیم ڈویڑن اس کمیٹی کو سیکریٹریٹ تعاون فراہم کرے گا۔

وزیرخزانہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں وزیر پیٹرولیم، وزیر توانائی، وزیر مملکت خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک شامل ہیں۔کمیٹی کے دیگر اراکین میں سیکریٹری پیٹرولیم، سیکریٹری توانائی، سیکریٹری خزانہ، چئیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وزیراعظم کے خصوصی سیکریٹری، آئی ایم ایس ریسرچ کے سربراہ رضا جعفری، چئیرمین اوگرا، ایم ڈی پارکو ، پی ایس او کے چیف اسٹریٹجی افسر محسن منگی، سابق ایم ڈی شیل پاکستان کے ہارون رشید، سی ای او حبکو کامران کمال شامل ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات