وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے اینگرو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی راٹھور کی ملاقات

بدھ 7 مئی 2025 23:53

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے اینگرو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی راٹھور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین سے اینگرو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی راٹھور نے ملاقات کی۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں اینگرو کے سی ای او نے وفاقی وزیر کو پرانی فیکٹریوں کے لئے گیس کی فراہمی میں معاونت کی درخواست کی تاکہ کاروباری سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

علی رٹھور نے بتایا کہ ملک میں یوریا کا سٹاک 8 سے 10 لاکھ ٹن کے قریب موجود ہے جو ملکی ضروریات سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فرٹیلائزر کمپنیاں اضافی یوریا کو برآمد کرنے کی خواہشمند ہیں کیونکہ اس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ اس سلسلے میں اینگرو نے وزارت سے برآمدات کی اجازت کے لئے تعاون کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وزارت اینگرو کے پرانے پلانٹس کے لئے گیس کی فراہمی کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ممکنہ حل کے لئے بھرپور تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں کی معاونت کے لئے پائیدار اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کے لئے پُرعزم ہے۔یوریا برآمد کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت قومی تحفظ خوراک و تحقیق پہلے صوبوں کی ربیع اور خریف 2025-26 کی ضروریات کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کرے گی، اس کے بعد اضافی یوریا کو برآمد کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا تاکہ ملکی ضروریات پوری ہونے کے بعد برآمدات کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لئے کاروباری اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی یوریا کی برآمدات سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا تاہم ملکی ضروریات کو ہر صورت میں مقدم رکھا جائے گا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت کسانوں کی سہولت کے لئے فرٹیلائزر کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گی اور ملکی زراعت کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔