غزہ میں امداد کی ترسیل کے لیے نئے اداری کے قیام پر اتفاق جلد متوقع

نیا ادارہ بنیادی انسانی اصولوں کے منافی، تعاون نہیں کریں گے، اقوام متحدہ اور دیگر امدادی تنظیموں کا اعلان

جمعہ 9 مئی 2025 16:28

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)غزہ میں امداد کی ترسیل پر اسرائیلی ناکہ بندی کے جاری رہنے کے درمیان عالمی ادارہ برائے خوراک کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور نوبل امن انعام یافتہ ڈیوڈ بیزلی نے امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ، اسرائیلی حکومت اور دیگر اہم فریقوں کے ساتھ غزہ ہیومینٹیرین فانڈیشن کے نئے سربراہ کے طور پر اپنی تقرری اور اس ادارے کو غزہ کی پٹی میں امداد پہنچانے کا کام سونپنے کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق بیزلی کے ایک قریبی ذریعے نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے زیرِ تعمیر ادارے کی کارروائیوں کی قیادت کرنے کی شرط کے طور پر فلسطینی علاقے میں فوری طور پر امداد کی دوبارہ ترسیل پر گفت و شنید کی ہے۔امریکہ، اسرائیل اور ادارے کے نمائندے غزہ میں فلسطینیوں کو حماس کے کنٹرول کے بغیر انسانی امداد کی فراہمی دوبارہ شروع کرنے کے طریقہ کار پر ایک معاہدے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ دوسری جانب غزہ میں کام کرنے والی اقوام متحدہ اور دیگر امدادی تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ وہ نئے ادارے کے منصوبے کے ساتھ تعاون نہیں کریں گی کیونکہ ان کے خیال میں یہ بنیادی انسانی اصولوں کے منافی ہے۔