متحدہ عرب امارات ، ایشیائی خاتون کا غلطی سے اکاونٹ میں منتقل ہونے والی رقم واپس کرنے سے انکار

پیر 12 مئی 2025 14:39

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)متحدہ عرب امارات میں دبئی کی سول کورٹ نے ایک ایشیائی خاتون کو غلطی سے اس کے اکاونٹ میں منتقل ہونے والے 6 ہزار درھم واپس کرنے اور 5 ہزار درھم کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک نجی کمپنی کے ملازم نے دبئی کورٹ میں دخواست دی کہ غلطی سے 6 ہزار درھم ایک ایشیائی خاتون کے اکاونٹ میں چلے گئے۔

(جاری ہے)

متعدد بار رابطہ کیا مگر خاتون نے ابتدا میں ٹال مٹول سے کام لیا بعدازاں رقم واپس کرنے سے انکار کردیا۔عدالت سے درخواست کی کہ وہ معمولی ملازم ہے اور اتنا بڑا خسارہ برداشت نہیں کرسکتا کیونکہ اس کی ماہانہ تنخواہ ہی 4 ہزاردرھم ہے۔خاتون کی جانب سے مسلسل 6 ماہ تک کسی قسم کا جواب نہ ملنے پر فوجداری عدالت سے رجوع کیا گیا۔فوجداری عدالت نے خاتون کی جانب سے طویل مدت تک عدالتی فیصلے پر عمل نہ کرنے پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مدعی کو اس عرصے میں جس ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا اس کے تدارک کے لیے 5 ہزار درھم ہرجانہ بھی ادا کیا جائے جو اصل رقم 6 ہزار درھم کے علاوہ ہوگا۔