بہار، راہول گاندھی کی ووٹرفہرست کے ’’7 مردہ افراد ‘‘ کے ساتھ چائے نوشی

جمعرات 14 اگست 2025 17:18

بہار، راہول گاندھی کی ووٹرفہرست کے ’’7 مردہ افراد ‘‘ کے ساتھ چائے ..
پٹنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)کانگریس کے سابق صدراور پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکی وجہ سے انہیں مرے ہوئے لوگوں کے ساتھ چائے پینے کا تجربہ ہوا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ان لوگوں کے ساتھ چائے پی اور تصویر کھنچوائی جنہیں الیکشن کمیشن نے بہار میں ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی کے عمل کے دوران مردہ قرار دیتے ہوئے انکے نام فہرست سے خارج کر دیے ہیں۔

راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر لکھا’’زندگی میں کئی دلچسپ تجربات ہوئے لیکن مردہ لوگوں کے ساتھ چائے پینے کا موقع کبھی نہیں ملا تھا تاہم اب اس انوکھے تجربے کیلئے الیکشن کمیشن کا شکریہ ۔

(جاری ہے)

‘‘راہول گاندھی نے ان سات رائے دھندگان کا چار منٹ کا ویڈیو بھی شیئر کیا جس میںانہوںنے ان سے پوچھا کہ انہیں کس طرح سے پتہ چلا کہ الیکشن کمیشن نے انہیں مار دیا ہے اس پر انہوںنے کہا کہ کمیشن کی طرف سے انتخابی فہرستیں جاری کیے جانے کے بعد انہیں اس بات کا پتہ چلا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہم لوگ زندہ ہیں اور یہاں یہ بتانے آئے ہیں کہ ہم مرے نہیں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں سے 65لاکھ افراد کے نام خارج کیے ہیں۔ کانگریس کی طرف سے بھی جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی رہنما راہول گاندھی نے بہار کے ان سات رائے دھندگان کے ساتھ چائے پی ہے جنہیں الیکشن کمیشن نے ووٹر نظر ثانی عمل میں مردہ قراردیا ہے۔