چیمبرزکی مشاورت سے مشترکہ قومی مقاصد کے حصول سمیت معیشت کو ٹھوس، پائیدار، مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے گا،ریحان نسیم بھراڑہ

منگل 13 مئی 2025 14:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کاروباری تنظیموں کی مشاورت سے نہ صرف مشترکہ قومی مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی بلکہ اس طرح معیشت کوبھی ٹھوس، پائیدار اور مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے گالہٰذا بزنس کمیونٹی نئے تجارتی مواقعوں کی نشاندہی، دنیا کے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے معاشی منظر نامہ کے پیش نظر درپیش چیلنجزکے مقابلے اور معاشی اہداف کے حصول کیلئے وفاقی وزارت کامرس سے رابطوں کو مستحکم بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے بتایا کہ انہوں نے ملکی معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیلئے وفاقی وزیر کامرس جام کمال سے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر تجارت جام کمال کی زیر قیادت معاشی ترقی کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے دیر پا معاشی ترقی کی راہوں کو کھولا جا سکے گا۔

انہوں نے موصوف کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ چیمبرز اور کاروباری تنظیموں کی مشاورت سے مشترکہ قومی مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ایف بی آر میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور برآمد کنندگان کو متاثر کرنے والے ٹیرف سٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے قابل عمل تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ برآمدات سے منسلک تجارتی تنظیموں کو پالیسی ساز اداروں میں مستقل نمائندگی دی جائے تاکہ زمینی حقائق پر مبنی جامع قومی تجارتی حکمت عملی وضع کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کو60 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کو جلد از جلد حاصل کیا جا سکے۔