سیالکوٹ،محکمہ زراعت کے زیر اہتمام یوم کاشتکاراں منعقد ،ڈائریکٹر ڈاکٹر مقصوداحمد نے دھان کی فصل بارے آگاہی دی

منگل 13 مئی 2025 14:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) محکمہ زراعت( پلانٹ پروٹیکشن ) سیالکوٹ کے زیر اہتمام موضع جھلکی میں یوم کاشتکاراں کا انعقاد کیا گیا۔ ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزڈاکٹر مقصوداحمدنے شرکاء سے خطاب کیا۔ ڈاکٹرمقصوداحمد نے کہا کہ دھان وطن عزیز خصوصا سیالکوٹ کی اہم ترین اور نقد آور فصل ہے، کسان بھائی بہتر پیداوار حاصل کرنے کے لئے گورنمنٹ سے منظور شدہ اقسام کاشت کریں تاکہ پاکستانی چاول ایکسپورٹ کرکے زرمبادلہ کمایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھان کی پنیری کاشت کرنے سے قبل بیج کو زہر آلود ضرور کر لیا جائے تاکہ پنیری بیماریوں اور کیڑوں سے محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھان کی پنیری 20مئی سے پہلے کاشت نہ کی جائے اس سے پنیری پر کیڑوں اور بیماریوں کے حملے کا خدشہ کم ہو جاتا ہے اور صحت مند پنیری تیار ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان محکمہ زراعت کی سفارش کر دہ کھادوں کا استعمال کریں، کھاد کی خریداری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق ہی ادائیگی کریں، گرانفروشی کی صورت میں محکمہ زراعت کے دفتر رابطہ کریں۔یوم کاشتکاراں سے دیگر زرعی افسران نے بھی خطاب کیا اور کاشتکاروں کے سوالوں کے جواب دئیے۔

متعلقہ عنوان :