ٹام کروز اداکاری کے بعد اب گلوکاری میں قدم رکھنے کو تیار

بدھ 14 مئی 2025 21:58

ٹام کروز اداکاری کے بعد اب گلوکاری میں قدم رکھنے کو تیار
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2025ء) ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز نے فلمی دنیا میں ایک نئے شعبے کا رخ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشن امپاسیبل سیریز کی نئی فلم مشن امپاسیبل: دی فائنل ریکوننگ کی ریلیز سے قبل لندن میں ایک گفتگو کے دوران انہوں نے میوزیکل فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈرامہ، ایکشن اور ایڈونچر کے ساتھ ساتھ اب موسیقی کی طرف بھی متوجہ ہو رہے ہیں، اور میوزیکل فلموں میں کام کرنا ان کا اگلا ہدف ہے۔

(جاری ہے)

ٹام کروز نے کہا کہ وہ ہر فلم کے سیٹ پر کچھ نہ کچھ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، چاہے وہ پانی کے اندر شوٹنگ ہو یا کسی نئے ہنر کا حصول۔ ان کا ماننا ہے کہ فنکار کو مسلسل سیکھنے اور خود کو بہتر بنانے کی جستجو میں رہنا چاہیے، چاہے وہ موسیقی ہو یا کوئی آلہ بجانا۔

انہوں نے ہدایتکار و اداکار بین اسٹلر کی تعریف کرتے ہوئے ان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ کروز نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے کرداروں پر خود تحقیق کرتے ہیں اور اس کے مطابق اسکرپٹ میں جان ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔یاد رہے کہ ٹام کروز کی مشن امپاسیبل سیریز کی نئی فلم مشن امپاسیبل: دی فائنل ریکوننگ 21 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :