Live Updates

آباد کی بجٹ تجاویز میںٹیکس پالیسی میں 15 سالہ تسلسل، نرمی اور شفافیت پر زور

ٹیکس پالیسی میں کم از کم پندرہ سال کا تسلسل ہونا چاہیے ، چیئر مین آباد حسن بخشی کا بیان

جمعرات 22 مئی 2025 17:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے آئندہ مالی سال دو ہزار پچیس چھبیس کے وفاقی بجٹ کے لیے جامع تجاویز پیش کرتے ہوئے ٹیکس پالیسیوں میں تسلسل، نرمی اور شفافیت پر زور دیا ہے۔اپنے بیان میں آباد کے چیئرمین حسن بخشی نے کہا کہ ٹیکس پالیسی میں کم از کم پندرہ سال کا تسلسل ہونا چاہیے تاکہ سرمایہ کاروں کو اعتماد حاصل ہو۔

حسن بخشی کے مطابق ایف بی آر کے قوانین میں اصلاحات اور پراپرٹی سیکٹر میں پیچیدگیاں ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تجاویز کے مطابق بلڈرز سے خریداروں کو پراپرٹی کی منتقلی پر عائد ایڈوانس ٹیکس ختم کیا جائے، جب کہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس ریٹ صفر عشاریہ پانچ فیصد مقرر کیا جائے۔حسن بخشی نے کہا کہ کراچی میں نافذ فرضی آمدن ٹیکس معقولیت سے عاری ہے، جسے فوری ختم کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فی رقبہ ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے کیپیٹل گین ٹیکس کو ہولڈنگ پیریڈ کی بنیاد پر دوبارہ بحال کرنے، ٹیکس ریفنڈ کی منتقلی کے لیے درکار تحریری منظوری کا تقاضہ ختم کرنے اور بجٹ سے پہلے پراپرٹی ویلیوایشن ٹیبلز میں موجود تضادات دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اس کے ساتھ ہی ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی اور اوورسیز پاکستانیوں کی ڈالروں سے خریدی گئی جائیداد پر غیر منصفانہ ٹرانسفر ٹیکس ختم کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات