خلیج تعاون کونسل اور ملائیشیا آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات کریں گے

منگل 27 مئی 2025 08:40

کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور ملائیشیا نے آزاد تجارتی معاہدے پر باضابطہ مذاکرات کے آغاز کےلیے مفاہمتی یادداشت پردستخط کئے ہیں۔ایس پی اے کے مطابق جی سی سی سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی اور ملائیشیا کے وزیر سرمایہ کاری و تجارت ظفر العزیز نے معاہدے پر دستخط کئے ۔معاہدے پر دستخط کوالالمپور میں آسیان، جی سی سی سمٹ کے موقع پر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جی سی سی اور ملائیشیا کا کہنا ہے معاہدے پر دستخط باضابطہ مذاکراتی دور کا آغاز ہے جس میں باہمی دلچسپی کے شعبے شامل ہیں۔ توقع ہے مستقبل کے معاہدے سے اہم تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت دار کے طور پر جی سی سی اور ملائیشیا کی حیثیت میں اضافہ ہوگا جبکہ اہم اقتصادی ایشوز کو حل کیا جائے گا۔ملائیشیا کے وزیر کا کہنا تھا ’یہ پہلا موقع ہے کہ کوالالمپور جی سی سی کے ساتھ ایک اقتصادی بلاک کے طور پر شامل ہو رہا ہے، ہم اسے ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھتے ہیں۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کئے ، اب ہم جی سی سی کے تمام ملکوں کو شامل کررہے ہیں۔