Live Updates

مانسہرہ پولیس نےعیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی

اتوار 1 جون 2025 13:30

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈہ پور کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے پیش نظر خصوصی اجلاس کا انعقادکیا گیا۔ڈی پی او آفس مانسہرہ میں منعقدہ اجلاس میں ایس پی سٹی ریشم جہانگیر، ڈی ایس پی سٹی جاوید خان، تمام متعلقہ ایس ایچ اوز، انسپکٹر ٹریفک اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ قربانی کے جانوروں کی منڈیوں کی حفاظت، جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگرانی، اور وہاں سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی حکمت عملی مرتب کی گئی۔ مویشی منڈیوں کی مناسب جگہ، پارکنگز اور پولیس ناکہ بندی کے انتظامات پر زور دیا گیا۔اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کے مؤثر پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

عید کے دنوں میں رش کے پیش نظر سیاحتی مقامات پر اضافی نفری تعینات ہوگی تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈہ پور کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ضلع مانسہرہ میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے انسداد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ڈی پی او مانسہرہ نے افسران کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی ڈیوٹیز کو پوری ذمہ داری اور مستعدی سے انجام دیا جائے اور ہر تھانے کی سطح پر عوام سے قریبی روابط رکھتے ہوئے مشکوک افراد پر نظر رکھی جائے اورعوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔پولیس مانسہرہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہمہ وقت مستعد ہے اور عوام کے ساتھ مل کر پُرامن اور محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات