ہارون اختر کا درآمدی و مقامی گاڑیوں کیلئے یکساں حفاظتی معیار نافذ کرنے کا اعلان

جمعہ 1 اگست 2025 22:25

ہارون اختر کا درآمدی و مقامی گاڑیوں کیلئے یکساں حفاظتی معیار نافذ کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)معاون خصوصی وزیراعظم ہارون اختر نے کہا ہے کہ درآمدی اور مقامی گاڑیوں کے لیے یکساں حفاظتی معیار نافذ کیے جائیں گے۔جمعہ کو معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پی اے ایم اے نمائندگان، وزارتِ صنعت و پیداوار کے سیکرٹری سیف انجم اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈکے سی ای اوبھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں درآمدی اور مقامی طور پر تیار کی جانے والی گاڑیوں کے معیار کا جائزہ لینے اور ان کو بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے عوامی تحفظ کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہریوں کی جانیں قیمتی ہیں، اور ان کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ درآمدی اور مقامی دونوں اقسام کی گاڑیوں پر یکساں بین الاقوامی حفاظتی و معیار کے اصول لاگو کیے جائیں گے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ معیارات نہ صرف انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ضروری ہیں بلکہ ماحولیات کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔