جنگل دشمن عناصر کیخلاف کاروائی کوئی مشکل نہیں ،رینج آفیسر ملک طاہر

سمگلنگ کیلئے تیار لکڑی کو ضبط کرنے کیلئے عملہ درکار ہے اس کے بغیر مافیا پر ہاتھ ڈالنا ممکن نہیں

پیر 2 جون 2025 15:24

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء) محکمہ جنگلات کے رینج آفیسر ملک طاہر حمید نے سیکرٹریٹ، نظامت جنگلات سے تعاون کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بانڈی رینج میں تقریباً دو کروڑ روپے مالیت سے زائد کی لکڑی جو سمگلنگ کے لئے تیار شدہ ہے کو ضبط کرنے کیلئے فیلڈ عملہ درکار ہے جس کے بغیر بانڈی رینج میں ٹمبر مافیا پر ہاتھ ڈالنا ناممکن ہی نہیں مشکل ترین کام ہے اور جان بھی جا سکتی ہے ، بانڈی رینج آفیسر ملک طاہر حمید کا کہنا ہیکہ جنگل دشمن عناصر کیخلاف کاروائی کوئی مشکل نہیں ، سیکرٹریٹ و نظامت جنگلات چاہے تو چند دنوں میں مافیا کو جڑ سے اکھاڑ پھینک سکتا ہوں ، جنگل میں مافیا نے منگل قائم کیا ہوا ہے بڑی تعداد میں لکڑی تیار شدہ جنگل کے اندر موجود ہے جس کو اٹھانا اور ضبط کرنے کے لئے صرف ایک رینج آفیسر کی کوئی ہمت نہیں اس کے لئے پوری ٹیم کی ضرورت ہے ، سیکرٹریٹ و نظامت جنگلات کے تعاون سے ایک ہفتے میں کروڑوں روپے کی لکڑی ضبط کرکے ریاستی خزانہ کو بڑا فائدہ پہنچایا اور جنگلات کو بھی محفوظ بنایا جا سکتا ہے ،اس سے قبل بھی کئی بارجان پر کھیل کر مافیا کیخلاف کاروائی کی ، فائرنگ اور ڈنڈوں کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے لیکن جو محنت کرکے لکڑی تیار کرتے ہیں وہ اتنی آسانی وہ لکڑی ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ، جنگل میں یہ تعین بھی کرنا مشکل ہوتا ہے کہ سمگلر کون ہے اور کس جگہ سے تعلق رکھتا ہے جب تک سمگلروں کو موقع پر گرفتار نہ کیا جائے تب تک سمگلروں کا خاتمہ ناممکن ہے اسلئے سیکرٹریٹ و نظامت جنگلات تعاون کرے ، فیلڈ عملہ سمیت دیگر سیکورٹی فراہم کرے تو چند دنوں میں بانڈی رینج کو مافیا سے پاک کر دوں گا اور آئندہ کسی بھی سمگلر کو جنگل کا رخ کرنے کی ہمت نہیں ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :