دھان کے کاشتکاروں کو محکمے کی تجویز کردہ زہروں کا استعمال کرنے کی ہدایت

منگل 3 جون 2025 14:30

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) محکمہ زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کو محکمے کی جانب سے تجویز کردہ زہروں کا استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سینئر فیلڈ انویسٹی گیٹر محکمہ زراعت سمبڑیال لیاقت علی نے منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار محکمہ زراعت کے تجویز کردہ زہروں کا استعمال کریں اور جاندار فصل حاصل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھان کی پنیری کی کاشت کا سیزن چل رہا ہے ، دھان کی پنیری میں گھوڑا گھاس ، ڈھڈن ،سوانکی اور دیگر گھاس نما جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کے لئے ایل سی ایم زہر کا سپرے کریں،یہ دوائی گھاس کو ختم کرنے کے لئے نہایت موثر ثابت ہوئی ہے اس لیے محکمہ زراعت اس کو سپرے کرنے کی ہدایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی پنیری میں گھاس کے اگنے سے پنیری بری طرح متاثر ہوتی ہے اور تیار ہونے میں زیادہ دیر لے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی پنیری 20 سے 25 دن میں تیار کرکے کھیت میں لگا دینی چاہیے ، اس عمل سے زیادہ شگوفے بننے کی وجہ سے فصل میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔