فیصل آباد،کاشتکاروں کو مکئی کے ذخیرہ کے دوران خصوصی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت

بدھ 4 جون 2025 13:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مکئی کے ذخیرہ کے دوران خصوصی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شعبہ پلانٹ پروٹیکشن کے ڈپٹی ڈائریکٹراسرار ارشد نے اے پی پی کو بتایاکہ گرین ماتھ، کھپرا، سونڈوالی سسری گوداموں میں بہاریہ مکئی پر حملہ کرکے اسے نقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذا کاشتکار مکئی کے ذخیرہ کے دوران خصوصی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کریں۔

انہوں نے کہا کہ مکئی کی فصل کو سٹوروں میں سخت نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتاہے لہٰذا انسدادی و احتیاطی تدابیر اور تدارکی اقدامات پر عمل کرکے کیڑوں کے حملے سے بچا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ انسدادی تدابیر کے طورپر کاشتکارسا ئپر میتھرین یاکلورو پائریفاس بحساب ایک لیٹر 100لیٹر پانی میں ملا کر گودام میں اس کا اچھی طرح سپرے کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غلہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے کے بعد یہ زہریں حسب ضرورت دیواروں اور بوریوں پر بھی سپرے کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ گوداموں کے کیڑوں کے انسداد کے لئے زہریلی گیس کے استعمال کا طریقہ بھی انتہائی موزوں ہے۔ اس مقصد کے لئے گوداموں کی کھڑکیاں اور روشن دان اچھی طرح بند کرکے ایلومینیم فاسفائیڈ کی 25 سے 30گولیاں فی ہزار مکعب فٹ حجم کے حساب سے رکھ کر دروازے اچھی طرح بند کردیئے جائیں اور گودام کو اس حالت میں کم ازکم 7دن تک رکھاجائے کیونکہ اس عمل سے پیداشدہ گیس سے ہرقسم کے کیڑے تلف ہو جائیں گے۔انہوں نے بتایاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کے لئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :