پھلوں و سبزیوں کی موزوں طریقے سے ترسیل و تقسیم میں پیکنگ اہم کردار ادا کرتی ہے،ترجمان آری

بدھ 4 جون 2025 13:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ترجمان نے کہاکہ پھلوں و سبزیوں کی موزوں طریقے سے ترسیل و تقسیم میں پیکنگ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ترجمان نے کہاکہ پھل اور سبزیاں حیاتیاتی اعتبار سے جاندار اور زندہ ہوتی جبکہ ہر زندہ شے کی طرح سانس لیتی ہیں اور اس عمل کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ، پانی و حرارت کا اخراج ہوتا ہے جو ان کے استعمال ہونے تک قائم رہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیکنگ کا عمل اس دور زندگی کو محفوط بناتا اور دوران نقل و حرکت نقصان پہنچنے کے امکان کو کم سے کم کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کریٹ مال کو دوران سفر ہچکولوں کے اثرات سے محفوظ رکھتے ہیں تاکہ پھل پر خراشیں نہ آئیں۔مزیدبرآں جراثیم اور کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھ کر ان کی تاز گی کو برقرار رکھا جاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کریٹ اتنامضبوط ہوناچاہیے کہ اس کے اندر رکھے گئے پھل اور اوپر رکھے گئے کریٹوں کے بوجھ سے متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہاکہ آج کے دور میں پیکنگ میں بھی کافی جدت آ گئی ہے اس کیلئے فائبر گلاس، پلاسٹک، تھرموپور اور سکڑنے والی پلاسٹک کی مدد سے پیکنگ کو کافی مضبوط بنا دیا گیا ہے جس سے نقل و حمل کے دوران کم نقصانات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیکنگ اس قسم کی کی جائے کہ پھل کو بآسانی ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پیکنگ ڈیزائن میٹریل کا انحصار پھل یا سبزی کے وزن اور سفر پر منحصر ہوتا ہے جبکہ جراثیموں سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ زراعت کی سفارش کردہ زہروں کا استعمال بھی پھل کو نقصان سے بچانے کاموجب بنتاہے۔

متعلقہ عنوان :