مدینہ منورہ سے حرمی مکی تک حجاج کے ساتھ چلتی خصوصی طبی کلینکس کی سہولت

یہ سہولت ہجرت روٹ پر موجود ایک اہم اور مصروف مقام پر فراہم کی گئی ہے، مدینہ ہیلتھ کلسٹر

بدھ 4 جون 2025 14:39

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)مدینہ منورہ ہیلتھ کلسٹر نے حج 1446ھ کے دوران ضیوف الرحمن کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مدینہ اور مکہ مکرمہ کو جوڑنے والی ہجرت شاہراہ پر جدید طبی سہولیات سے آراستہ موبائل کلینکس کی سروس فعال کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کلسٹر کی جانب سے جاری تفصیل میں کہاگیاکہ یہ موبائل کلینکس الفارع مرکز میں تعینات کی گئی ہیں جو دوران سفر حجاج کو جامع اور فوری طبی امداد فراہم کرتی ہیں۔

ان سہولیات میں ابتدائی طبی معائنے، فوری طبی امداد اور فوری فالو اپ کی سہولت شامل ہے۔ ساتھ ہی کلینک میں تربیت یافتہ طبی عملہ، جدید طبی آلات اور ایک مکمل ایمبولینس بھی موجود ہے جو ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔

(جاری ہے)

مدینہ ہیلتھ کلسٹر نے واضح کیا کہ یہ سہولت ہجرت روٹ پر موجود ایک اہم اور مصروف مقام پر فراہم کی گئی ہے، تاکہ رش والے مقامات پر تیزی سے طبی رسپانس ممکن بنایا جا سکے اور حجاج کو محفوظ، مثر اور فوری طبی سہولت میسر آ سکے۔

اس سے قبل بھی مدینہ ہیلتھ کلسٹر نے شہر کے متعدد اسٹریٹیجک مقامات پر موبائل طبی یونٹس تعینات کیے تھے، جن میں مسجد قبا، مسجد سید الشہدا، ہجرت روڈ اور تبوک روڈ کا داخلی راستہ شامل ہیں۔ ان موبائل یونٹس کا مقصد حج کے مختلف مراحل ، آمد اور روانگی کے دوران طبی معائنے اور فوری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔یہ اقدامات سعودی قیادت کے اس عزم کی عملی تصویر ہیں جو ضیوف الرحمن کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی، فوری رسپانس، اور اعلی معیار کی صحت خدمات کے ذریعے محفوظ اور اطمینان بخش حج تجربہ مہیا کرنے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔