متحدہ عرب امارات کی چاڈ میں سوڈانی مہاجرین کیلئے انسانی امدادی مہم، 15 ہزار افراد نے استفادہ کیا

بدھ 4 جون 2025 14:52

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) متحدہ عرب امارات نے جمہوریہ چاڈ میں سوڈانی مہاجرین کی معاونت کے لئے انسانی ہمدردی پر مبنی نئی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت ڈوگی، الاچا اور ابوغودام کے مہاجر کیمپوں میں 3 ہزار فوڈ پیکج تقسیم کئے گئے۔متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس منصوبے پر چاڈ کی وزارت سماجی اقدامات، یکجہتی اور انسانی امور، اور مہاجرین و واپس آنے والے افراد کے استقبال اور انضمام کے لئے قومی کمیشن (CNARR) کے تعاون سے عملدرآمد کیا گیا۔

اس اقدام کا مقصد مہاجرین کی مشکلات کم کرنا اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنا ہے۔ریلیف مہم کے تحت مجموعی طور پر 15 ہزار سوڈانی مہاجرین کو خوراک کی فراہمی ممکن بنائی گئی، ڈوگی کیمپ میں15 سوفوڈ پیکج فراہم کیے گئے جس سےساڑھے سات ہزار افراد مستفید ہوئے، الاچا کیمپ میں ایک ہزار تین سو پیکج ساڑھے چھ ہزار افراد کو دیے گئے، جبکہ ابوغودام کیمپ میں 200 پیکج ایک ہزار کو فراہم کئے گئے۔

(جاری ہے)

یہ امداد ایک ماہ کی بنیادی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فراہم کی گئی ہے، جس کا مقصد خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانا اور رہائشی حالات کو بہتر بنانا ہے۔اس اقدام کے تحت ابوغودام کیمپ میں مہاجرین کو فوری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک طبی ٹیم بھی تعینات کی گئی ۔چاڈ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر راشد سعید الشامسی نے کہا کہ یہ اقدام امارات کے اس انسانی اور ترقیاتی وژن کا حصہ ہے جو فرد کی فلاح اور وقار کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

ان کے مطابق، یہ منصوبہ اُن افراد کی امداد کے اماراتی عزم کا عکاس ہے جو بحرانوں اور تنازعات سے متاثر ہوتے ہیں، بالخصوص ایسے خطوں میں جہاں بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور شدید انسانی بحران موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہم اقدام چاد میں مقامی میزبان برادریوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل اور بھرپور کوششوں کا مظہر ہے۔

ان اقدامات سے سماجی ہم آہنگی اور انسانی یکجہتی کو فروغ ملتا ہے، جبکہ مہاجرین کو باوقار زندگی گزارنے کے لیے درکار ضروری امداد فراہم کی جاتی ہے۔سوڈانی مہاجرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ، متحدہ عرب امارات نے تین فیلڈ ہسپتال بھی قائم کئے ہیں، جن میں سے دو چاڈکے شہروں امجراس اور آبشی میں جبکہ تیسرا مدهول اسپتال جمہوریہ جنوبی سوڈان میں واقع ہے۔\932

متعلقہ عنوان :