مسجد نمرہ میں حجاج کیلئے جدید قالین، ایئر کنڈیشننگ اور سیکیورٹی کا مثالی نظام قائم

جدید ایئر کنڈیشننگ اور وینٹیلیشن سسٹم لگایا گیا ہے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح پر نظر رکھتا ہے،رپورٹ

جمعہ 6 جون 2025 13:18

منی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء) سعودی وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے حج 2025 کے لیے مسجد نمرہ میں حجاج کرام کے استقبال اور سہولت کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مسجد نمرہ کے ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر رقبے پر اعلی معیار کے قالین بچھا دیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو نماز اور وقوف عرفہ کے دوران آرام دہ ماحول میسر ہو۔

(جاری ہے)

مسجد کے صحن میں 19 جدید سائبان نصب کیے گئے ہیں جو درجہ حرارت میں اوسطا 10 ڈگری تک کمی لاتے ہیں، جبکہ گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے فرش پر سورج کی تپش منعکس کرنے والا خاص رنگ بھی کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ بیرونی صحن میں 117 فوگ فین نصب کیے گئے ہیں جو درجہ حرارت میں مزید 9 ڈگری کی کمی کا باعث بنتے ہیں۔مسجد میں جدید ایئر کنڈیشننگ اور وینٹیلیشن سسٹم لگایا گیا ہے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح پر نظر رکھتا ہے اور ضرورت پڑنے پر ایئر پیوریفائرز کو خودکار طور پر فعال کرتا ہے۔

حجاج کرام کو ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کے لیے 70 جدید واٹر کولرز نصب کیے گئے ہیں، جن میں سے ہر کولر ایک گھنٹے میں تقریبا 2000 حجاج کو پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔زائرین کی حفاظت کے لیے مسجد میں جدید صوتی نظام اور سیکیورٹی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :