Live Updates

پائیدار ترقی، صنعتکاری اور برآمدات میں اضافہ کیلئے کاروبار دوست اور غریب پرور بجٹ ناگزیر ہے، افتخار علی ملک

جمعہ 6 جون 2025 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اور تیز رفتار صنعت کاری کو فروغ ددینے کے لیے برآمدات پر مبنی، کاروبار دوست اور غریب پرور بجٹ ناگزیر ہے۔ جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر اچھا بجٹ دیا جائے تو نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا اور غربت میں کمی آئے گی بلکہ طویل المدت اقتصادی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر مسابقتی مقام بھی حاصل ہو گا۔

سرمایہ کاری، جدت اور بین الاقوامی تجارت کی حوصلہ افزائی کرکے ترقی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ آسان ٹیکس نظام، ریگولیٹری اصلاحات، ایس ایم ایز کے لیے مراعات اور ٹیرف پالیسیوں کو معقول بنا کر سازگار کاروباری ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک نے کہا کہ انفراسٹرکچر، توانائی، تعلیم و ٹیکنالوجی صنعتی ترقی کے کلیدی محرک ہیں۔ ان کے لیے زیادہ بجٹ مختص کر کے نقل و حمل کے نیٹ ورکس، توانائی کی دستیابی اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے جس سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور کاروباری لاگت کم ہوتی ہے۔

سکلز ڈویلپمنٹ اور جدت کاری کے مراکز میں سرمایہ کاری سے مستقبل سے ہم آہنگ افرادی قوت تیار کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات کے فروغ اور فری ٹریڈ معاہدوں سے استفادہ کر کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور تجارتی عدم توازن پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات