صوبائی وزیر قانون کی ضلع کوہاٹ کی تحصیل درہ آدم خیل میں صلح کی تقریب میں خصوصی شرکت

جمعہ 6 جون 2025 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے ضلع کوہاٹ کی تحصیل درہ آدم خیل کے قوم زرغون خیل کے علاقہ بازی خیل میں فریقین سیف الرحمان ولد گل اختر خان اور نذیر خان ولد محمد یوسف خان کے درمیان ہونے والی تاریخی صلح کی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ یہ صلح عمائدین علاقہ، بزرگ مشران اور سماجی شخصیات کی ثالثی اور کلیدی مصالحتی کردار کے ذریعے ممکن ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ فریقین کے مابین پرانی دشمنی چلی آرہی تھی جس میں تین قیمتی جانیں بھی ضائع ہوچکی ہیں۔ فریقین نے صوبائی وزیر قانون، مقامی عمائدین اور معززین کی موجودگی میں تمام پرانی رنجشوں اور اختلافات کو ختم کرتے ہوئے بھائی چارے اور امن کے جذبے سے مفاہمت اور صلح کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس تاریخی صلح سے علاقے میں طویل عرصے سے جاری کشیدگی کا خاتمہ ہوا۔

مقامی عمائدین نے اس صلح کو ایک جرات مندانہ اور مثبت قدم گردانتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف دونوں خاندانوں میں امن قائم ہوا بلکہ پورے خطے میں امن و سلامتی کی فضا کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر اپنے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے مل کر چلنا ہو گا۔ انہوں نے اس مفاہمت کو آنے والے کل کیلئے نیک شگون قرار دیا۔ شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور امن اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔

متعلقہ عنوان :