ترشاوہ پھلوں کے باغبان اچھی پیداوار کے حصول کیلئے کھادوں کے مناسب و متناسب استعمال کو یقینی بنائیں، محکمہ زراعت

منگل 10 جون 2025 15:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے باغات میں کھادوں کے مناسب و متناسب استعمال کی ہدائت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ ترشاوہ پھلوں کی اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے جبکہ غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشاوہ پھلوں کی صحت، نشو ونما،پیداوار اور معیار پر برے اثرات مرتب کرتی ہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ پودے کو جن غذائی اجزا کی ضرورت ہوتی ہے ان میں نائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشو ونما میں بھر پور معاونت فراہم کرتی ہے علاوہ ازیں نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پھول اور پھل کے بننے، پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کیلئے نائٹروجنی کھاد کا بروقت استعمال ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔