جنگلات کی دیکھ بھال اور حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، کمشنر ہزارہ

بدھ 11 جون 2025 12:01

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیر صدارت جنگلات میں لگی آگ پر بروقت قابو پانے کے حوالہ سے یہاں کمشنر ہاوس میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر ہزارہ نے تمام افسران کو کہا کہ جنگلات کی دیکھ بھال اور حفاظت کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، جو لوگ جنگلات کو نقصان پہنچاتے ہیں ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔

اجلاس میں چیف کنزرویٹر فارسٹ نارتھرن فارسٹ ریجن II- ایبٹ آباد نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز نے پہلے ہی تین ماہ کیلئے 144 کا نفاذ کر دیا ہے۔ کمشنر ہزارہ نے فارسٹ آفیسر کو ہدایت جاری کر تے ہوئے کہا کہ ان کے پاس جتنے بھی آگ بجھانے کے آلات ہیں ان کو چیک کریں آیا وہ ٹھیک ہیں یا نہیں، اس حوالہ سے ہزارہ کے تمام اضلاع میں موک ایکسرسائز کی جائے جس میں تمام متلقہ محکموں کی نمائندگی موجود ہو اور دو دن کے اندر ایریا ڈویلپمنٹ پلان ترتیب دیکر تمام ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ شیئر کریں، مزید یہ کہ اس مقصد کیلئے مساجد کے خطباءکے ساتھ مل کر مساجد میں لوگوں کو اس بارے میں آگاہی دی جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ نے کہا کہ گلیات میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے باقاعدہ این او سی حاصل کی جائے کیونکہ درختوں کی کٹائی تو کی جا رہی ہے لیکن متبادل شجرکاری نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے گلیات جیسی پرفضاءمقام پر بھی ماحولیاتی اثر ہو رہا ہے۔ کمشنر ہزارہ نے ضلع کے تمام ڈی ایف اوز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کر اپنے جنگلات سے متلعق ریکارڈ کو اپ ٹو ڈیٹ کریں، تمام ڈپٹی کمشنرز، فارسٹ کے آفیسر سے مل کر اسیسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیں جس میں تمام متلقہ محکموں کی نمائندگی موجود ہو اور خاص طور پر متعلقہ گاوں کا بااثر فرد، لوکل والنٹیئرز، ویلج کونسل سیکرٹریز، پٹواریوں، صحت کا عملہ، ریسکو 1122 مشتمل ہو اور ان کا ایک وٹس ایپ گروپ بنا کر تمام متعلقہ محکموں سے شیئر کریں اور اسی طرح چیف کنزرویٹر فارسٹ ناردرن فارسٹ ریجن، کنزرویٹرز فارسٹ ہزارہ I اور II اپنے دفتر میں ایک کنٹرول روم بنائیں اور تمام نمبر بشمول واٹس ایپ کے تمام دفاتر کے ساتھ شیئر کریں۔

کمشنر ہزارہ نے جنگلات میں آگ لگانے اور کسی بھی قسم کا نقصان پہچانے والوں کے خلاف فوراً کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ جو بھی اس میں شامل ہو اس کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ کمشنر ہزارہ نے اجلاس کے آخر میں تمام ضلعی افسران کو کہا کہ وہ ایک جنرل میٹنگ کر کے تمام انتظامات کو فائنل کریں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، کولئی پالس اور کوہستان اپر، چیف کنزرویٹر فارسٹ ناردرن ریجن، کنزرویٹرز فارسٹ ہزارہ I اینڈ I اور ریجنل میونسپل آفیسر ہزارہ ریجن کے علاوہ تمام افسران نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔