ارباز نے شان کو فلم انڈسٹری کے زوال کی وجہ قرار دیدیا

شان شاہد کا چہرہ فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا لیکن انہوں نے بطور سٹار اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں

جمعہ 13 جون 2025 10:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ارباز خان نے سینئر اداکار شان شاہد پر تنقید کرتے ہوئے ان کو فلم انڈسٹری کے زوال کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔ارباز خان نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران پاکستانی سنیما کی زبوں حالی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شان شاہد ایک وقت میں فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار تھے، ان کا چہرہ فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا لیکن افسوس کہ انہوں نے بطور اسٹار اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

(جاری ہے)

ارباز خان نے شان شاہد کو غیر پیشہ ور (Unprofessional)قرار دیا اور بتایا کہ وہ 10 بجے صبح سے 6 بجے شام کے مقررہ شوٹ کے لیے دوپہر 3 بجے سیٹ پر آیا کرتے تھے، وہ روزانہ بمشکل 2 سے 3 گھنٹے کام کرتے تھے۔ ان کی تاریخوں (dates)کا مسئلہ ہمیشہ پروڈیوسرز کے لیے دردِ سر رہا، ان کے اس غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے فلموں کا معیار متاثر ہوا اور پروڈکشن میں مشکلات پیش آئیں۔ارباز خان کے مطابق شان کی غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے زوال کی ایک بڑی وجہ بنا۔شان شاہد ماضی میں پاکستانی سنیما کے سب سے زیادہ مقبول اور بینر پر چھائے رہنے والے اداکار تھے، وہ ایک عرصے تک ہر بڑی فلم کا حصہ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :