Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت کا گڈ گورننس کی بہتری کیلئے جامع روڈ میپ تیار

ہفتہ 14 جون 2025 17:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)خیبرپختونخوا حکومت نے گڈ گورننس کی بہتری کے لیے جامع روڈ میپ تیار کر لیا جس کے تحت تمام محکموں کے لیے واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں اور ان اہداف کے حصول کے لیے بجٹ میں خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے۔سرکاری دستاویز کے مطابق ’’گڈ گورننس روڈ میپ‘‘ میں ہر محکمہ کو یہ رہنمائی فراہم کی گئی ہے کہ اسے کب، کس سمت میں اور کیسے آگے بڑھنا ہے، اس حکمت عملی کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے بجٹ میں 14 محکموں کے لیے 6 ارب 99 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ تفصیلات کے مطابق صحت کیلئے 2 ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے، زراعت کیلئے 50 کروڑ روپے، ابتدائی تعلیم کیلئے 15 کروڑ روپے، مائنز اینڈ منرلز کیلئے 70 کروڑ روپے، لوکل گورنمنٹ و ہائر ایجوکیشن کیلئے 45 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح انڈسٹری کیلئے 70 کروڑ روپے، سیاحت کیلئے 15 کروڑ روپے، سوشل ویلفیئر کیلئے 25 کروڑ روپے، ہاؤسنگ کیلئے 10 کروڑ روپے اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

حکومتی حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری، وسائل کا درست استعمال اور عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت روڈ میپ پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کے لیے ایک الگ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن یونٹ بھی قائم کرنے جا رہی ہے تاکہ شفافیت اور احتساب کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات