ڈپٹی کمشنر بارکھان کی رکھنی بازار بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت

پیر 16 جون 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسو نے رکھنی ہسپتال کا دورہ کیا اور رکھنی بازار بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس بھی منعقد کیا۔ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) بارکھان ڈاکٹر مجیب بگٹی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر ماجد امین کھیتران اور ڈی ایس ایم غلام رسول کھیتران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو نے سی ٹی ڈی اور لیویز عملہ کے ہمراہ جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے ڈپٹی کمشنر کو دھماکے کے حوالے سے بریف کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو سکیورٹی مزید سخت کرنے اور تحقیقات کو فوری مکمل کرنے کی ہدایات دیں تاکہ ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ یاد رہے کہ آج دن کے وقت رکھنی بازار میں ایک بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے تھے۔