صحبت پور ، بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام صارفین اپنے بجلی کے بل بروقت جمع کروائیں

بدھ 18 جون 2025 12:03

صحبت پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) ایکسیئن کیسکو آپریشن نصیرآباد محمد وریام منجھو نے کہا ہے کہ روشنی کا سفر جاری رکھنے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام صارفین اپنے بجلی کے بل بروقت جمع کروائیں انہوں نے واضح کیا کہ کیسکو کی جانب سے نادہندہ گان کے خلاف ایک بھرپور اور غیر جانبدارانہ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تمام قسم کے بجلی صارفین سرکاری، نجی، زرعی، گھریلو، انڈسٹریل اور کمرشل کے کنکشنز واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں بغیر کسی تفریق کے منقطع کیے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی او کیسکو آپریشن ڈیرہ مراد جمالی محمد قاسم کھوسہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایکسیئن محمد وریام منجھو نے کہا کہ بجلی چوری ایک سنگین جرم ہے اور جو بھی شخص بجلی چوری میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف اپنے واجبات فوری طور پر ادا کریں بلکہ بجلی چوری کی روک تھام میں بھی کیسکو کا ساتھ دیں تاکہ ایک روشن اور خوشحال معاشرے کی جانب پیش رفت ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیسکو صارفین کی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے مگر بجلی کی فراہمی کو جاری رکھنے کے لیے مالی وسائل کی دستیابی ناگزیر ہے، جس کے لیے صارفین کی بروقت ادائیگیاں انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔ایکسئین کیسکو آپریشن محمد وریام منجھو نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور بجلی سے متعلق قوانین کی پابندی کرتے ہوئے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں۔\378

متعلقہ عنوان :