قوم کواولیا ء اللہ ؒکی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے، مفتی بشیرالقادری

بدھ 18 جون 2025 21:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)تحریک صراطِ مستقیم صوبہ سندھ کے امیر مفتی محمد بشیر القادری نے کہا ہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ نہ صرف روحانی عظمت کے حامل ولی اللہ تھے بلکہ سندھ کی سرزمین پر اسلام کے اولین علمبرداروں میں شامل ہیں۔ آپ کی زندگی، سادگی، تقویٰ، استقامت اور دعوتِ دین کا استعارہ ہے۔حضرت سید عبداللہ شاہ غازی اشتر حسنی رحمة اللہ تعالیٰ علیہ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ غازیؒ کی شخصیت علم و عمل، شجاعت و کرامت اور باطنی نورانیت کا حسین امتزاج تھی۔

آج جب معاشرہ فکری انتشار، فرقہ واریت اور دین سے دوری کا شکار ہے، ایسے میں اولیاء کرام کی سیرت ہی وہ نسخہ ہے جو دلوں کو جوڑ سکتا ہے، محبت عام کر سکتا ہے اور کردار میں پاکیزگی لا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مفتی محمد بشیر القادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اولیاء اللہ کے مزارات کو صرف زیارت گاہ نہیں بلکہ علم و تربیت کے مراکز بنایا جائے اور نوجوان نسل کو ان ہستیوں کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لیے نصاب، سیمینارز اور میڈیا پر خصوصی پروگرام ترتیب دیے جائیں۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ عرس مبارک کے موقع پر عقیدت و محبت کے ساتھ شرکت کریں اور اس موقع کو اصلاحِ باطن، تجدیدِ ایمان اور دینی وحدت کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار آج بھی یہ گواہی دے رہا ہے کہ سندھ کی سرزمین محبت، رواداری اور وحدتِ امت کی پہچان ہے۔ آئیے ہم سب مل کر ان کے مشن کو زندہ رکھیں۔

متعلقہ عنوان :