محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کوکپاس کے پھول ڈوڈی کے مرحلہ پر فصل کو کھاد اور پانی کی کمی نہ آنے دینے کامشورہ

پیر 23 جون 2025 15:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) اگیتی کاشتہ کپاس پھول ڈوڈی کے مرحلہ پر پہنچ گئی ہے ،اسلئے کاشتکاروں کو موجودہ مرحلہ پر فصل کو کھاد اور پانی کی کمی نہ آنے دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ کپاس کی اچھی پیداوارکیلئے بی ٹی اقسام اگر لائنوں میں کاشت کی گئی ہے تو پہلی آبپاشی بوائی کے 30 سے35دن بعد جبکہ بقیہ آبپاشیاں 12 سے 15دن کے وقفہ سے اور پٹڑیوں پر کاشت کی صورت میں بوائی کے بعد پہلا پانی 3سے4 دن بعد اور بقیہ آبپاشیاں 6 سے9دن کے وقفہ سے کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ پودے کو پانی کی کمی کی علامات ظاہر ہونے پر ہرصورت پانی دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار پانی کے باکفایت استعمال کیلئے ٹینشیو میٹر کااستعمال کریں تاکہ فصل کو ضرورت کے مطابق پانی مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ڈرل سے لائنوں میں کاشت کی گئی چھوٹے قد والی روائتی کپاس کی اقسام کو پہلی آبپاشی بوائی کے 30سے 40دن بعد اور اسی طرح لمبے قد والی کپاس کی ہرآبپاشی 12 سے 15 دن کے وقفہ سے کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ آبپاشی کی کمی والے علاقوں میں متبادل کھیلیوں میں پانی دینے سے بہتر پیداوار لی جاسکتی ہے تاہم اس طریقہ آبپاشی میں تمام کھیلیوں کی نمبرنگ کرنے کے بعد پہلی آبپاشی پر جفت کھیلیوں میں پانی چھوڑاجائے اور طاق کھیلیوں کو بند رکھا جائے ،اسی طرح دوسری آبپاشی میں صرف طاق کھیلیوں کو پانی دیتے ہوئے جفت کھیلیوں کو بند رکھاجائے۔ انہوں نے اچھی پیداوار کے حصول کیلئے کھیتوں اور اس کے ارد گرد پائی جانیوالی جڑی بوٹیوں کی تلفی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :