زرعی شعبہ کی استعداد کاربڑھانے اور پیداوار میں اضافہ کیلئے مشینی کاشت کو فروغ دیناہوگا،ماہرین جامعہ زرعیہ

پیر 23 جون 2025 15:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل ۱ٓباد کے ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ چھوٹے کاشتکار ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں لہٰذا ملکی خوشحالی کیلئے ان کی پیداوار ی صلاحیت بڑھانے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ زرعی مشینری مہنگی ہونے کی وجہ سے چھوٹے کاشتکاروں کی دسترس سے دور ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی زرعی مشینری تیار کی جائے جو کم قیمت ہو اور چھوٹے کاشتکاروں کی ضروریات پوری کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی مشینری کو فروغ دے کر ہم زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر سکتے ہیں۔ زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے ہمواری زمین اور گہرا ہل چلانیوالی مشینری اور آلات کے استعمال پر توجہ دی جائے۔انہوں نے مزیدکہا کہ زراعت کے شعبہ میں لیبر کی کمی کی وجہ سے فصلوں کی کاشت اور کٹائی میں تاخیر ہوتی ہے جس سے زرعی پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے نیزمشینی کاشت کو فروغ دے کرنہ صرف فصلوں کی کاشت بروقت ہو گی بلکہ کٹائی کے وقت پیداوار کے ضیاع کو روکا جا سکے گا اور کاشت سے برداشت تک تمام زرعی امور بروقت انجام دے کر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو گاجس سے کاشتکار خوشحال ہوں گے اور ملکی معیشت مستحکم ہو گی۔