سمبڑیال،کاشتکاروں کو مکئی کی برداشت کے بعد چھلیاں اچھی طرح خشک کرکے گودام میں محفوظ کرنے کی ہدایت

منگل 24 جون 2025 11:50

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) زراعت آفیسر سمبڑیال ذیشان گورائیہ نے کاشتکاروں کو مکئی کی برداشت کے بعد چھلیاں اچھی طرح خشک کرکے گودام میں محفوظ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے منگل کو مکئی کے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہےکہ ان دنوں مکئی کی برداشت کا سیزن چل رہا ہے ، جب مکئی کی فصل کٹائی کے لئے تیار ہو جائے تو چھلیاں پودوں سے نکال کر پتلی تہہ میں پھیلا دیں اور ان کو الٹتے پلٹتے بھی رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چونکہ موسم گرماکے دوران درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے اس لئے چھلیوں کے خشک ہونے میں زیادہ سے زیادہ 3دن لگ سکتے ہیں لہذا چھلیاں خشک کرنے میں بڑی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے، وہ چھلیاں جن سے اگلی فصل کے لئے بیج رکھنا ہو ان کو سایہ دار جگہ میں خشک کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ مکئی کی ترقی دادہ سنتھیٹک اقسام کااگلی فصل کے لئے بیج رکھنے کی غرض سے ایسے کھیتوں کا انتخاب کیاجائے جن کے ارد گرد تین تین ایکڑ تک مکئی کی کوئی دوسری قسم کاشت نہ کی گئی ہو ورنہ بیج خالص نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہائبرڈ بیج تیار کرنے والے کھیتوں سے صرف مادہ لائنوں سے ہی چھلیاں توڑی جائیں اور انہیں الگ خشک کرکے اگلی فصل کے لئے محفوظ کرلیاجائے۔

متعلقہ عنوان :