ایرا نی پارلیمنٹ نے جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے کی منظوری دے دی

بدھ 25 جون 2025 16:36

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) ایرا ن کی پارلیمنٹ نے جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے ساتھ تعاون معطل کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ اے ایف پی کے مطابق 290 رکنی ایرانی پارلیمنٹ نے بدھ کو آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کو معطل کرنے کے معاملہ پر رائے شماری ہوئی ۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق 221 ارکان پارلیمنٹ نے اس کے حق میں ووٹ دیا اور ایک رکن غیر حاضر رہا ۔

رائے شماری کے وقت پارلیمنٹ میں موجود ارکان میں سے کسی نے بھی مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر غالب نے اس موقع پر کہا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی معمولی مذمت کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے اور یوں اس ادارے نے اپنی بین الاقوامی ساکھ سر عام نیلا م کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم اس وقت تک IAEA کے ساتھ اپنا تعاون معطل رکھے گی جب تک کہ ایران کی جوہری تنصیبات کی حفاظت کی ضمانت نہیں دی جاتی۔ واضح رہے کہ اس فیصلے کی ابھی ایران کی شورای نگہبان سے منظوری باقی ہے جو قانون سازی کے حوالے سے بااختیار ادارہ ہے۔