جامعہ زرعیہ میں انسداد منشیات کے عالمی دن پر آگاہی واک کا انعقاد

جمعرات 26 جون 2025 18:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز کے زیراہتمام جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں انسداد منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیاگیا جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔ ڈین پروفیسر ڈاکٹر عمران ارشد، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے واک میں شرکت کی۔

اس موقع پرڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ منشیات کے ناسور کو اجتماعی کوششوں سے ختم کرنا ہوگا۔ منشیات کا استعمال نہ صرف انسان کی زندگی کو تباہ کرتا ہے بلکہ اس کی ساکھ اور خاندان کی عزت کو بھی داغدار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے انسداد منشیات کا عالمی دن ہر سال 26جون کو منایا جاتا ہے تاکہ منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اور عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس دن کو منانے کا مقصد یہ ہے کہ انسداد منشیات کے لیے تعلیم، صحت و دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کو بڑھایا جائے تاکہ ایک محفوظ اور پائیدار معاشرہ قائم ہو سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر عمران ارشد نے کہا کہ منشیات کے شکار افراد کو اس ناسور سے نجات دلانا ہماری سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس مسئلے پر عوام میں شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے تاکہ صحت مند معاشرے کو تشکیل دیتے ہوئے نہ صرف سماجی بلکہ ملکی ذمہ داریاں بھی احسن انداز میں ادا کی جا سکیں۔