محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پسرور کی مویشی پال حضرات کو برسات سے قبل گائیوں اور بھینسوں کو گل گھوٹو سمیت ہر قسم کی بیماریوں سے بچائو کے لئے حفاظتی ٹیکے لگوا نے کی ہدایت

جمعہ 27 جون 2025 17:17

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پسرورنے مویشی پال حضرات کو برسات سے قبل گائیوں اور بھینسوں کو گل گھوٹو سمیت ہر قسم کی بیماریوں سے بچائو کے لئے حفاظتی ٹیکے لگوا نے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پسروراسسٹنٹ ڈائریکٹر عقیل سہیل نے اے پی پی کو بتا یا ہے کہ موسمی اثرات کے زیر اثر گل گھوٹو کا مرض کسی بھی وقت ہوسکتا ہے اور زیادہ تر چھوٹی عمر کے مویشی اس مرض میں مبتلا ہو کرجلد ہلاک ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گل گھوٹو کا مرض بیمار جانوروں کی رال، گوبراور جراثیم آلود خوراک سے تندرست مویشیوں میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گائیوں اور بھینسوں میں گلے کی سوزش، تیز بخار، نتھنے پھولنے، سانس کے ساتھ مخصوص خراٹے دار آواز آنے اور آنکھوں سے پانی بہنے کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر جانوروں کو گل گھوٹو سے بچاؤ کے ٹیکے لگوانے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے لہٰذالائیو سٹاک فارمرز کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں اور حفاظتی ٹیکے لگوانے کیلئے قریبی ویٹرنری ہسپتالوں یا ڈسپنسریز سے رابطہ کیا جا ئے۔

متعلقہ عنوان :