سعودی عرب نے بڑی مقدار میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، چار ملزمان گرفتار

جدہ اسلامی بندرگاہ کے ذریعے سات لاکھ سے زائد ایمفیٹامین گولیاں کپڑوں کی الماریوں میں چھپا کر اسمگل کی جا رہی تھیں،رپورٹ

ہفتہ 28 جون 2025 12:20

سعودی عرب نے بڑی مقدار میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، چار ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)سعودی عرب کے کسٹمز حکام نے جدہ اسلامی بندرگاہ پر منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ حکام نے ایک درآمدی کھیپ سے 7 لاکھ 32 ہزار 15 ایمفیٹامین نشہ آور گولیاں برآمد کیں جو الماریوں میں مہارت سے چھپا کر بھیجی گئی تھیں۔میڈیارپورٹس ککے مطابق کسٹمز اتھارٹی کے ترجمان حمود الحربی نے بتایا کہ بندرگاہ پر موصول ہونے والی اس کھیپ میں کپڑوں کی الماریاں شامل تھیں۔

(جاری ہے)

جب اس پر سکیورٹی ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ سونگھنے والے کتوں کے ذریعے معائنہ کیا گیا تو ان میں چھپائی گئی منشیات برآمد ہو گئیں۔مزید کارروائی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے انسداد منشیات کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مملکت کے اندر ان گولیوں کو وصول کرنے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان نے زور دے کر کہا کہ کسٹمز اتھارٹی مملکت کی درآمدات و برآمدات پر سخت نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ معاشرے کو ایسی خطرناک آفات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس سلسلے میں انسداد منشیات کے ادارے کے ساتھ مربوط تعاون جاری ہے۔