پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرائیں اور 1000 روپے انعام پائیں، لاہوریوں کیلئے نئی آفر آگئی

سنگل یوز پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کے لیے پنجاب حکومت کا نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 29 جون 2025 21:06

پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرائیں اور 1000 روپے انعام پائیں، لاہوریوں کیلئے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون 2025ء ) لاہور کے شہریوں کیلئے نئی پیشکش متعارف کرائی جارہی ہے جس کے تحت پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرانے پر 1000 روپے انعام ملے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں وزیرِ اعلیٰ گرین کریڈٹس پروگرام کے تحت سنگل یوز پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کے لیے پلاسٹک وینڈنگ مشینری نصب کی جا رہی ہے، اگر کوئی بھی شہری مشین میں ڈیڑھ لیٹر والی 20 بوتلیں اور ہاف لیٹر کی 40 بوتلیں ڈالے گا تو اس کے بدلے میں اسے 1 ہزار روپے فوری ملیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ سنگل یوز پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کے لیے پنجاب حکومت کا نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پا چکا ہے، نجی کمپنی چائینیز ٹیکنالوجی کی مدد سے مقامی طور پر تیار کی گئی مشینیں آئندہ ماہ لاہور کی 4 بڑی جامعات میں نصب کرے گی، اس کے علاوہ شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی ایسی مشینیں لگائی جائیں گی، یہ مشین 2 خانوں پر مشتمل ہے، بٹن اے دبائیں اور پلاسٹک کی بوتل اس میں ڈالیں، پھر اپنا فون نمبر درج کریں اور بٹن بی دبا دیں، مشین کی سکرین پر گرین کریڈٹس ظاہر ہوں گے جسے ایپ کی مدد سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے نجی کمپنی کے چیئرمین گلفام عابد نے بتایا کہ روزانہ 5 سو ٹن پلاسٹک بوتل کا کچرا ہوتا ہے، مشینری کی مدد سے پلاسٹک کی بوتلیں اور سنگل یوز پلاسٹک کے برتن ری سائیکل کیے جائیں گے اور ان سے فٹ پاتھ، سڑکوں کے پیچ ورک اور اینٹیں بنائی جائیں گی، ڈیڑھ لیٹر کی 20 بوتلیں اور ہاف لیٹر کی 40 بوتلیں مشین میں ڈالنے پر 1 ہزار روپے فوری کیش ملے گا، گرین کریڈٹس میں صرف عام شہری ہی نہیں بلکہ لاہور کے 18 ہزار کباڑیے بھی مستفید ہو سکیں گے، وہ ایپ کے ذریعے رابطہ کریں گے اور کمپنی ملازم خود جا کر انہیں رقم دے کر بوتلیں لیں گے۔