محکمہ صحت کے150 کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کی درخواست پر ہائیکورٹ کا نوٹس

پیر 30 جون 2025 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ صحت کے 150 کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے محکمہ کو تادیبی کارروائی سے روک دیا اور درخواستیں متعلقہ بنچ کو بھجوانے کی سفارش کر دی۔ جسٹس خالد اسحاق نے کیس کی سوموار کو سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی طرف سے چوہدری طارق جاوید ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

موقف اختیار کیا گیا کہ ملازمین 2015 سے محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور تین سالہ مدت پوری ہونے کے باوجود مستقل نہیں کیا گیا۔ اسی نوعیت کی درخواستوں پر جسٹس ساجد محمود سیٹھی بھی سماعت کر رہے ہیں، لہذا ان درخواستوں کو بھی اسی بنچ کو منتقل کیا جائے۔ عدالت نے سیکرٹری ہیلتھ کو یکم جولائی کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔