Live Updates

فیصل آباد، مٹی سے بنی ہوئی کجیوں،ٹھوٹھیوں کی فروخت عروج پر پہنچ گئی

منگل 1 جولائی 2025 16:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) فیصل آباد میں عشرہ محرم کے سلسلہ میں جگہ جگہ کچی مٹی سے بنی ہوئی کجیوں،ٹھوٹھیوں کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے کیونکہ اکثر فرزندان اسلام اورمومنین حضرات اپنے مذہبی عقائد و عقیدت کے طورپر یوم عاشور تک مٹی کے ان برتنوں میں کھیر، کسٹرڈ، حلوہ اور دیگراشیا کی نیاز تقسیم کرتے ہیں۔

فیصل آباد کی مرکزی امام بارگاہ جھنگ روڈ پر دھوبی گھاٹ گراؤنڈ کے قرب و جوار میں لگائے گئے مذکورہ کچے برتنوں کے ٹھیلوں کے مالکان نے بتایاکہ وہ سارا سال مٹی کے مذکورہ کچے برتن تیار کرتے ہیں جنہیں عشرہ محرم الحرام کے موقع پر فروخت کیاجاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ عقیدت مندان و مومنین بڑی تعداد میں یہ چھوٹے برتن خریدتے ہیں جن میں اپنی منتوں و نیاز کے ضمن میں میٹھے پکوان بشمول کھیر، کسٹرڈ،حلوہ، چاول وغیرہ ڈال کر بچوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ چونکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال مہنگائی کی شرح میں بھی اضافہ ہواہے لہٰذا مٹی کے ان چھوٹے برتنوں کے نرخ بھی معمولی بڑھائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ وہ مختلف اضلاع سے برتن فروخت کرنے کیلئے بڑے شہروں کا رخ کرتے ہیں تاکہ عشرہ محرم الحرام کے دوران انہیں اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے روزی حاصل ہو سکے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات