محکمہ زراعت کی باغبانوں کو ترشادہ پھلوں کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے کھادوں کے متناسب استعمال کی ہدایت

منگل 1 جولائی 2025 16:59

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) محکمہ زراعت نے ترشادہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی اچھی پیداوار کے حصول کےلئے باغات میں کھادوں کےمتناسب استعمال کی ہدایت کی ہے۔ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن )سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے بتایا کہ ترشادہ پھلوں کی اچھی پیداوارکےلئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے،غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشادہ پھلوں کی صحت ، نشوونما،پیداواراور معیارپر برےاثرات مرتب کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پودے کو جن غذائی اجزاءکی ضرورت ہوتی ہے ان میں نائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشوونما میں بھرپور معاونت فراہم کرتی ہے ،علاوہ ازیں نائٹروجنی کھادکا استعمال ترشادہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتاہے ، پھول اور پھل کے بننے،پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کےلئے نائٹروجنی کھادکا بروقت استعمال ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرناپڑسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :