پی پی ایس سی کا جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا اعلان

منگل 1 جولائی 2025 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء)پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) نے اپنے نام سے منسوب جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ترجمان پی پی ایس سی ڈپٹی ڈائریکٹر سید کاظم مقدس کاظمی کے مطابق بعض جعل ساز عناصر جعلی ویب سائٹس اور فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے امیدواروں کو جھوٹی اسامیوں، ٹیسٹ شیڈولز اور فیس کی ادائیگی سے متعلق غلط معلومات دے کر دھوکہ دے رہے ہیں۔

کمیشن نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ صرف پی پی ایس سی کی سرکاری ویب سائٹ www.ppsc.gop.pk اور اس پر موجود تصدیق شدہ سوشل میڈیا لنکس پر ہی بھروسا کریں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام بھرتیوں، اشتہارات، امتحانی شیڈولز، رول نمبر سلپس اور نتائج کی معلومات صرف سرکاری چینلز کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

کمیشن کسی بھی غیر مصدقہ ذرائع سے رابطے پر ہونے والے نقصان کی ذمہ داری قبول نہیں کرے گا۔

پی پی ایس سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ امیدواروں اور شہریوں تک پہنچائیں تاکہ شفاف، محفوظ اور دھوکہ دہی سے پاک بھرتی کا عمل یقینی بنایا جا سکے۔علاوہ ازیں، کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ وہ تمام امیدواروں کو آسامی، ٹیسٹ اور انٹرویو کے متعلق ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے سرکاری طور پر آگاہ کرتا ہے۔پی پی ایس سی نے امیدواروں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے، جس پر کال کر کے کسی بھی معلومات کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔