پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیزی،ہنڈرڈ انڈیکس 130,000 کی نفسیاتی حد عبور کر گیا

بدھ 2 جولائی 2025 16:29

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیزی،ہنڈرڈ انڈیکس 130,000 کی نفسیاتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) نئے مالی سال 2025-26 کے دوسرے روز بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان جاری رہا، جہاں ہنڈرڈ انڈیکس 2163 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح 130,363 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔پی ایس ایکس کے مطابق بدھ کو کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہا، اور مثبت رجحان کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ مسلسل دوسرے روز بلند ترین سطح کو چھونے میں کامیاب ہوئی۔

اس سے ایک روز قبل، منگل کو مالی سال کے پہلے روز بھی مارکیٹ میں 2,572 پوائنٹس (2.05 فیصد) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد انڈیکس 128,199 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر چیز سیکیورٹیز یوسف ایم فاروق نے کہا کہ خطے میں جغرافیائی کشیدگی میں کمی، شرحِ سود میں بتدریج کمی کے امکانات، اور مجموعی معاشی استحکام میں بہتری وہ عوامل ہیں جو مارکیٹ میں حالیہ اضافے کا سبب بنے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کار مضبوط کارپوریٹ نتائج کی توقعات اور پرائس ٹو ارننگ (P/E) تناسب کی نارمل سطح کی بحالی کے پیش نظر اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی یہ کارکردگی معیشت میں بحالی اور اعتماد کی واپسی کی عکاس ہے، جو مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے۔