Live Updates

ساہیوال ،جلوس کےروٹ پر سیوریج لائنوں کی فوری صفائی کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 3 جولائی 2025 17:50

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے محرم الحرام کے دوران ڈسپنسری روڈ پر عزاداری جلوس کے مرکزی روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے صفائی، سیوریج، نکاسی آب، تجاوزات، سٹریٹ لائٹس اور عوامی سہولت کے دیگر معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ روٹ پر سیوریج لائنوں کی فوری صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارش کی صورت میں جلوس کے راستے پر تعفن یا پانی کھڑا ہونے کی شکایت نہ ہو۔میونسپل کارپوریشن کو صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کرنے اور جلوس سے قبل مکمل واشنگ کا شیڈول مرتب کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات بھی کی اور ان سے انتظامات پر مشاورت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی اور منتظمین سے مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام ادارے باہم رابطہ اور ہم آہنگی سے محرم الحرام کے دوران امن و سکون کے ماحول کو یقینی بنائیں گے۔ دریں اثنا انہوں نے کوٹ اللہ دین کا بھی وزٹ کیا اور سیوریج مسائل سے متعلق متعلقہ افسران کو خصوصی ہدایات دیں ۔\378
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات