کمشنر راولپنڈی کا امام بارگاہ قدیمی اور صادق آباد ٹرانسفارمر چوک کا دورہ

جمعرات 3 جولائی 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے 7 محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے امام بارگاہ قدیمی اور صادق آباد ٹرانسفارمر چوک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر راولپنڈی نے جلوس کے روٹس پر صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے سکیورٹی پوائنٹس پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سکیورٹی فول پروف ہونی چاہیے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سکیورٹی آلات کو فعال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی نے ٹریفک پولیس کو ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے منتظمین سے ملاقات کے دوران اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ 7 محرم کے جلوس پرامن اور باوقار انداز میں اپنے مقررہ راستوں سے گزر سکیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام طبقات کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اپنی تمام تر توانائیاں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے بروئے کار لا رہی ہے۔