صبا فیصل کی نادیہ خان، عتیقہ اوڈھو اور مرینہ خان پر نام لیے بغیر تنقید

کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ عائزہ خان کی خوبصورتی اور زیورات پر بات کرے،اداکارہ صبا فیصل

جمعہ 4 جولائی 2025 15:11

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)سینئر اداکارہ صبا فیصل نے نام لیے بغیر نادیہ خان، عتیقہ اوڈھو اور مرینہ خان کو ٹی وی پروگرام میں ڈراموں پر نامناسب تبصرے کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں ٹی وی میزبان اچھی اداکارائیں نہیں رہیں۔صبا فیصل نے انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں کہا کہ سوشل میڈیا نے ہر کسی کو یہ موقع دیا ہے کہ وہ اپنی رائے کا اظہار کرے اور وہ بھی سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اپنی رائے دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ٹی وی پروگرام میں ان کی تین بہترین دوست ڈراموں اور اداکاروں کے کام پر تبصرہ کرتے ہیں، جہاں وہ اداکاروں کی محنت کو نظر انداز کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مذکورہ پروگرام میں عائزہ خان کی اداکاری پر بحث کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنی خوبصورتی، چمک، دھمک، زیورات اور لباس سے باہر نکلیں، وہ کب تک ان کے سہارے اداکاری کرتی رہیں گی۔

(جاری ہے)

صبا فیصل کا کہنا تھا کہ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ عائزہ خان کی خوبصورتی اور زیورات پر بات کرے، انہوں نے اداکاری، خوبصورتی اور لباس سے اپنا لوہا منوایا ہے، وہ اچھا کام کر رہی ہیں۔اداکارہ کے مطابق اسی طرح ٹی وی شو میں مبصرین اداکاروں کی محنت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ان پر تنقید کرتے ہیں جو کہ غلط بات ہے، انہیں اندازہ ہونا چاہیے کہ اداکار کتنی محنت کرتے ہیں۔صبا فیصل کا کہنا تھا کہ جب کسی کردار کو لباس، زیورات، خوبصورتی اور شخصیت کے طور پر دکھایا جائے تو اس کردار میں اداکاری کا کام صرف 25 فیصد رہ جاتا ہے، باقی 75 فیصد خوبصورتی، لباس اور شخصیت پر توجہ دی جاتی ہے، یہ بات ان مبصرین کو معلوم ہونی چاہیے۔