شندور پولو فیسٹیول کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پہلی بار شندور پولو فیسٹیول کی فاتح ٹیم کو مدعو کیا اور عزت افزائی کی،صوبائی حکومت بہترین انداز میں کھلاڑیوں کی معاونت کریگی، ڈی جی ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف

پیر 7 جولائی 2025 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پہلی بار شندور پولو فیسٹیول کی فاتح ٹیم کو مدعو کیا اور عزت افزائی کی ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنا ہیلی کاپٹر ریسکیو کیلئے استعمال کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی ہے ۔صوبائی حکومت گزشتہ کئی دہائیوں سے شندور پولو فیسٹیول کا انعقاد کرتی آرہی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے کانفرنس روم میں چترال سے آئے پولوٹیم کے فاتح کھلاڑیوں کیلئے اعزازیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جنرل منیجر ٹورازم محمد علی سید، منیجر چترال پولو ٹیم میجر ولید جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہار علی، امیر حمزہ، ارباب قلی خان، ناصر اللہ خان، اسرار ولی خان اور احمد موجود تھے ۔

ڈی جی ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود میںمعاونت کریگی۔ آج یہاں کھلاڑیوں کو مدعو کرنا بھی اسی بات کی کڑی ہے۔ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے آج اسی لئے یہاں سب اکھٹے ہوئے ہیں ۔ ہم اپنی مالی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھائے گے جس سے کھلاڑیوں کی بہتری لا سکیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پہلی بار ان کھلاڑیوں کی عزت افزائی کیلئے انہیں یہاں مدعو کیا ہے ۔

ہماری کوشش ہے کہ صوبائی حکومت اپنی پوری کوشش کریگی کہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا جائے کیونکہ یہ اپنی محنت سے نہ صرف گھوڑے پالتے ہیں بلکہ اس ایونٹ کیلئے پورا سال محنت کرتے ہیں۔ پولو ٹیم کے منیجر میجر ولید کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور ٹورازم اتھارٹی نے بہت سپورٹ کی ہے ۔ شندور ٹاپ پر یہ صرف میچ نہیں اس کے پیچھے کھلاڑیوں، خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی محنت شامل ہے جس کی بدولت اتنا بڑا میلہ سجایاجاتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پولو میچ کیلئے گرائونڈ میںپانی کی سپلائی ضروری ہوتی ہے ۔حکومت سے مطالبہ ہے اگر نئے گرائونڈتعمیر نہیں کر سکتے تو موجودہ گرائونڈ کی تزہین و آرائش کر کے اسے کھیلنے کے قابل بنایا جائے ۔ کھلاڑی اس فیسٹیول کیلئے اپنا پیٹ کاٹ کرشندور میلہ میں شرکت کرتے ہیں لہٰذا حکومت کھلاڑیوں کو مالی معاونت کیساتھ ساتھ گرائونڈ اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ کھلاڑی بہتر کھیل پیش کرسکیں ۔