ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود حسیب اللہ مسلسل نظرانداز

سینئر صحافی کے بیٹے کو پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں شامل کرنے پر سوالات اٹھ گئے

muhammad ali محمد علی پیر 14 جولائی 2025 20:55

ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود حسیب اللہ مسلسل نظرانداز
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جولائی 2025ء ) ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود حسیب اللہ مسلسل نظرانداز، سینئر صحافی کے بیٹے کو پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں شامل کرنے پر سوالات اٹھ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ کو پی سی بی کی جانب سے مسلسل نظرنداز کیے جانے پر کرکٹ مداحوں نے سوالات اٹھا دیے۔

حسیب اللہ کو پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا، جبکہ ایک سینئر صحافی کے صاحبزادے کو ترجیح دیے جانے پر بھی شائقین کرکٹ سوال کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ نے پاکستان شاہین اسکواڈ سے باہر ہونے پر ذومعنی پوسٹ شیئر کردی۔ وکٹ کیپر بیٹر نے آسٹریلیا میں ہونے والی ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان شاہین اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد انسٹاگرام پر ذو معنی پیغام شیئر کیا ہے، سیریز 14 سے 24 اگست تک شیڈول ہے۔

(جاری ہے)

مڈل آرڈر بیٹر محمد عرفان خان کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ میں ملک کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو شامل کیا گیا ہے جس میں دو وکٹ کیپر خواجہ نافع اور محمد غازی غوری شامل ہیں۔ شاہینز اسکواڈ کے اعلان کے فوری بعد حسیب اللہ نے شاید انسٹاگرام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پوسٹ میں لاوارث سپر کار کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’چاہے آپ کتنے اچھے کیوں نہ ہوں، اگر آپ کسی غلط جگہ پر ہیں تو آپ بیکار ہیں۔

حسیب اللہ نے ایک اور اسٹوری میں لکھا کہ ’اتنا ظلم کرو جتنا تم میں خدا کے عذاب کو برداشت کرنے کی طاقت ہے، کیونکہ صبر کا معاملہ خدا کا معاملہ ہوجاتا ہے۔
واضح رہے کہ حسیب اللہ نے تین ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور صرف 12 کی معمولی اوسط سے 36 رنز بنائے ہیں۔