اسسٹنٹ کمشنر داسو ہیڈ کوارٹر کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی انتظامیہ اور عملے کے ساتھ ملاقات، ہڑتال کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا

بدھ 9 جولائی 2025 12:10

کوہستان اپر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) اسسٹنٹ کمشنر داسو ہیڈ کوارٹر گل فراز نے ڈی ایچ کیو ہسپتال داسو کی انتظامیہ اور عملے کے ساتھ ملاقات کی ،جس میں ہسپتال میں جاری ہڑتال کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو نے آگاہ کیا کہ ہسپتال کے لئے درکار فنڈز کابینہ کی منظوری کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نے عملے سے گزارش کی کہ وہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہڑتال کو 10 سے 15 دن کے لئے موخر کریں تاکہ مریضوں کو سہولت میسر آ سکے۔ عملے نے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہڑتال کو وقتی طور پر ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی اور فیصلہ کیا کہ ہڑتال اب 22 جولائی تک ملتوی کی جاتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر طارق علی خان نے اس مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ اور عملے کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔