عالمی یوم آبادی کے موقع ملتان میں آگاہی سیمینار،واک کا انعقاد

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) عالمی یوم آبادی کے موقع محکمہ صحت و بہبود آبادی ملتان اور سماجی تنظیم ٹی سی آئی گرین سٹار کے زیرِ اہتمام سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر ملتان کے دفتر میں منعقدہ سیمینار میں محکمہ صحت اوربہبودی آبادی کے نمائندوں، مذہبی اسکالرز، میڈیا وسول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت نوجوانوں دیگر اسٹیک ہولڈرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار میں مقررین نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آبادی کا عالمی دن ہر سال 11 جولائی کو منایا جاتا ہےتاکہ عالمی آبادی کے مسائل بشمول خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت، صنفی مساوات، غربت، ماں کی صحت اور انسانی حقوق سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

مقررین نے اپنی تقریر میں اس سال کے تھیم "نوجوانوں کو بااختیار بنانا کہ وہ ایک منصفانہ اور پرامید دنیا میں اپنے مطلوبہ خاندانوں کو تشکیل دیں" کی عکاسی کرتے ہوئے کہا کہ یہ تھیم یاد دلاتا ہے کہ حقیقی پائیدار ترقی کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب نوجوان افراد کو اپنے مستقبل کی تشکیل کے لیے آزادی حاصل ہو۔

شعیب حفیظ (سٹی منیجر TCI-GSM) نے آبادی میں اضافے اور زیادہ آبادی کے اثرات سے جڑے مسائل پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر عفت عمر بوچا (DDPWO) نے کہا کہ نوجوانوں کو اہم چیلنجز کا سامنا ہے،جن میں بڑھتے ہوئے اخراجات، موسمیاتی تبدیلی، عدم مساوات اور تعلیم اور تولیدی صحت کی خدمات تک محدود رسائی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا ماحول بنانا چاہیے جہاں نوجوان باخبر انتخاب کر سکیں، صحت کی دیکھ بھال تک رسائی حاصل کر سکیں،جس کی انہیں ضرورت ہے اور ایک ایسی دنیا میں اپنے خوابوں کا تعاقب کرنا جو سنتا ہے اور جواب دیتا ہے۔

ڈاکٹر جبران خلیل نے کہا کہ ہم میں سے بہت سے لوگ خوش کن خاندانوں، کیریئر کی تکمیل اور ایک صحت مند سیارے کا خواب دیکھتے ہیں لیکن یہ خواب صرف اس صورت میں پورے ہو سکتے ہیں جب ہمیں اپنے راستے منتخب کرنے کی آزادی دی جائے ، اگر ہماری بات سنی جائے، تعلیم یافتہ ہو اور ان پر بھروسہ کیا جائے۔ محمد سیف (ADCG) نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی یوم آبادی ایسا دن جو ہمیں اس بات پر غور کرنے کی تاکید کرتا ہے کہ آبادی کی حرکیات ہماری دنیا کے حال اور مستقبل کو کس طرح تشکیل دیتی ہے۔ انہوں نے سرکاری محکموں اور TCI-GSM کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔سیمینار کے اختتام پر معززمہمانوں کو یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ بعد ازاں علامتی واک بھی کی گئی۔