گلگت، معاون خصوصی ایمان شاہ کی زیر صدارت گلگت بلتستان نیوز پیپر سوسائٹی کے صدر اور کابینہ اراکین کا اجلاس

پیر 14 جولائی 2025 15:42

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات میں گلگت بلتستان نیوز پیپر سوسائٹی کے صدر اور کابینہ اراکین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اجلال الدین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ مشرف حسین ملک، پبلسٹی، ڈیجیٹل میڈیا، بلنگ سمیت دیگر سیکشنز کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں گلگت بلتستان میڈیا ایڈورٹائزمنٹ پالیسی، ڈیجیٹل میڈیا پالیسی، صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈز کے اجرا اور علاقائی اخبارات کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی۔معاون خصوصی ایمان شاہ نے اس حوالے سے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میڈیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈز کے اجرا کا عمل آخری مراحل میں ہے، جو بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے صحافیوں اور علاقائی اخبارات نے نامساعد حالات میں علاقے کی تعمیر و ترقی، امن و امان کے قیام اور اجتماعی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکومت اور محکمہ اطلاعات اخبارات کے بنیادی مسائل، بالخصوص سرکاری اشتہارات کی شفاف تقسیم کے لیے جامع اور مربوط نظام وضع کریں گے۔اجلاس میں گلگت بلتستان نیوز پیپر سوسائٹی کے صدر ارشد ولی اور کابینہ اراکین نے اخبارات کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔

انہوں نے معاون خصوصی ایمان شاہ اور محکمہ اطلاعات کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے واجبات کی بروقت ادائیگی کے لیے محکمہ کی محنت قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اخبارات کے مسائل حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقائی اخبارات کے مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ ایک مضبوط اور فعال علاقائی میڈیا کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :