اداکارائیں فطری خوبصورتی کو غیر ضروری میک اپ سے چھپاتی ہیں، خاورریاض

پیر 14 جولائی 2025 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء)معروف اسٹائلسٹ اور میک اپ آرٹسٹ خاور ریاض نے کہا ہے کہ اداکارائیں اپنی فطری خوبصورتی کو غیر ضروری میک اپ سے چھپا دیتی ہیں، حالانکہ خوبصورتی قدرتی انداز میں زیادہ نکھر کر سامنے آتی ہے۔ایک پروگرام میں شرکت کے دوران خاور ریاض نے کہا کہ انڈسٹری کی کچھ اداکارائیں قدرتی طور پر بہت خوبصورت ہیں، لیکن جب وہ زیادہ میک اپ کر لیتی ہیں تو ان کی قدرتی خوبصورتی کم ہو جاتی ہے، ایسی اداکاراؤں کو دیکھ کر دل چاہتا ہے کہ ان کا چہرہ دھلوادوں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی کسی کا میک اپ کریں تو اس کی قدرتی خوبصورتی کو نکھاریں، نہ کہ اسے چھپائیں، کیونکہ وہ خود کو اس وقت بہت کمزور محسوس کرتے ہیں جب انہیں کسی کے چہرے کو مکمل طور پر بدلنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے بارے میں یہ قیاس آرائیاں کی گئی تھیں کہ انہوں نے اداکارہ منال خان کا میک اپ کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس پر انہوں نے وضاحت کی کہ جب منال خان انڈسٹری میں نئی آئی تھیں تو انہوں نے ان کا میک اپ کرنے سے اس لیے انکار کیا تھا کیونکہ وہ پہلے ہی بہت خوبصورت تھیں اور انہیں میک اپ کی ضرورت ہی نہیں تھی۔

میک اپ آرٹسٹ کے مطابق منال خان ایک فوٹو شوٹ کے لیے آئی تھیں، انہوں نے منال کو بتائے بغیر ان کی تصاویر لے لیں، منال یہ سمجھ رہی تھیں کہ وہ ابھی صرف ان کا ٹیسٹ فوٹو شوٹ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب انہوں نے منال خان کو بتایا کہ ان کا فوٹو شوٹ مکمل ہو گیا ہے تو وہ حیران رہ گئیں۔

متعلقہ عنوان :